ضمنی انتخابات کے مدنظر حکومت کسانوں پر مہربان


بھوپال:12جون(نیانظریہ بیورو)
ضمنی انتخابات سے قبل ریاست کی شیوراج حکومت کا پورا فوکس کسانوں پر ہے۔ اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی حکومت ایک کے بعدایک کسانوں کے حق میں فیصلے لے رہی ہے۔ اب کورونا وباءاور جاری لاک ڈاﺅن کے دوران حکومت نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ حکومت نے خریف اور ربیع فصل کی قرض کی ادائیگی کی تاریخ ایک مرتبہ پھر آگے بڑھا دی ہے۔ کوآپریٹیو محکمہ نے اس سے متعلق ہدایات جاری کردئے ہیں۔ دراصل کورونا وباءکے حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ ریاست کی شیوراج حکومت نے خریف اور ربیع کے لئے کوآپریٹیو کمیٹیوں سے لئے قرض کی ادائیگی کی آخری تاریخ 31اگست تک کردی ہے۔ اس سے قبل یہ تاریخ 31مئی تک بڑھائی گئی تھی۔ جبکہ ربیع سیزن کا قرض 15جون تک ادا کیا جانا تھا۔ لیکن اب حکومت نے دونوں فصلوں پر کسانوں کو راحت دیتے ہوئے قرض ادا کرنے کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا ہے۔ اس کا فائدہ 15لاکھ سے زائد لوگوں کو ہوگا۔غورطلب ہے کہ خریف 2019ربیع سیزن 2019-20کے لئے کوآپریٹیو کمیٹیوں سے کسانوں نے 15ہزار کرروڑ روپے سے زائد قلیل مدت کے لئے قرض لیا تھا، اس کی ادائیگی کے لئے مختلف تاریخ تھیں اور مرکزی حکومت نے بھی اس کے لئے 3مہینے کا وقت دینے کو کہا تھا، جس کے بعد ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ اس سے لاکھوں کسانوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔