بھوپال میں مسلسل کورونا مریضوں کی مثبت رپورٹ بنی پریشانی کا سبب


بھوپال:12جون(نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش کے سب سے انفیکٹیڈ ضلع اندور میں کورونا نے بھلے اپنی رفتار کم کردی ہو،لیکن راجدھانی بھوپال میں انفیکشن تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ بھوپال میں جون کے پہلے ہفتہ سے بڑی تعداد میں مریضوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے اور یہ مسلسل نیا ہاٹ اسپوٹ بنتاجارہا ہے۔بروز جمعہ بھی 62لوگوں کی جانچ رپورٹ پازیٹیو آئی ہے ، جس کے بعد ایک مرتبہ پھر محکمہ صحت حیران ہیں۔ شہر کے یادو پور ہ سے 9لوگوں کی جانچ رپورٹ پازیٹیو نکلی ہے۔ وہاں ایک ہی خاندان کے 7لوگ انفیکٹیڈ پائے گئے ہیں۔ سی 21مال اور 108ایمبولینس کا ایک ملازم بھی مثبت ملا ہے۔ اسی کے ساتھ بھوپال میں مثبت مریضوں کی تعداد 2100کے پار پہنچ گئی ہے۔ وہیں اب تک 66لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو بھی 72لوگوں کی جانچ رپورٹ پازیٹیو آئی تھی اور آج پھر اتنی تعداد میں مثبت مریض ملنے سے محکمہ صحت اور انتظامیہ حیران ہیں۔