شیوراج کے آڈیو باہر آنے سے حکومت گرانے کی سازش آئی سامنے:کمل ناتھ


بھوپال:10جون(نیانظریہ بیوو)
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی وائرل آڈیو کو لے کر ریاست کی سیاست گرم ہوگئی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس آڈیو میں وزیراعلیٰ شیوراج کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ریاست کی کانگریس حکومت گرانے کے لئے مرکزی قیادت نے حکم دیا تھا۔ حالانکہ آڈیو کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ وائرل آڈیو کو لے کر کانگریس سخت ناراض ہے۔ وہیں سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے ٹویٹ کرکہا کہ شیوراج کے جھوٹ کی حقیقت اب سب کے سامنے آچکی ہے۔ اس بات کی تصدیق بھی ہوگئی اور حقیقت بھی ریاست کی عوام کے سامنے آگئی کہ کانگریس حکومت کو گرانے کے لئے کس طرح کی سازش کی گئی اور کون کون شامل تھا۔
دراصل سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے بدھ کو ٹویٹ کرکہا کہ میں تو شروع دن سے ہی کہہ رہا تھا کہ بی جے پی نے میری اکثریت کو حاصل کر جان بوجھ کر سازش کے تحت حکومت گرائی ہے۔ کیوں کہ میری حکومت کسانوں کا قرض معاف کررہی تھی نوجوانوں کوروزگار دے رہی تھی، خواتین کو تحفظ دیکر ان کی عزت کی حفاظت کررہی تھی۔ ساتھ ہی ملاوٹ خوری اور مافیاﺅں کے خلاف مہم چلارہی تھی، اور ریاست میں صنعت لارہی تھی،اور عوام کے فائدے کے لئے تمام طرح کے کام کررہی تھی۔ بی جے پی کو یہ برداشت نہیں ہوا ۔ اسے ڈرتھا کہ ان کاموں سے بی جے پی کو سالوں تک اقتدار میں واپس لوٹنا ناممکن ہوجائے گا۔ کمل ناتھ نے مزید کہا کہ اب تو اس کی تصدیق ہوگئی اور حقیقت بھی ریاست کی عوام کے سامنے آگئی کہ میری حکومت کو گرانے کے لئے کس طرح کی سازش کی گئی اور اس میں کون کون شامل تھا۔ جو لوگ کہتے تھے کہ کانگریس حکومت کے پاس اکثریت نہیں تھا، وہ خود سے گری،ہم نے نہیں گرائی۔ ان کے جھوٹ کی حقیقت بھی اب سامنے آچکی ہے۔ شیوراج نے 15سالوں تک جھوٹ کے دم پر حکومت چلائی ، جس کی عوام نے بی جے پی کو سبق بھی سکھایا لیکن ابھی بھی جھوٹ پھیلارہی ہے۔
غورطلب ہے کہ ریاست کی سیاست وائرل آڈیو کو لے کر گرم ہوگئی ہے۔ اس سنگین آڈیو کلپ میں چوہان کو یہ کہتے ہوئے سناگیا ہے کہ مرکزی قیادت نے طے کیا کہ حکومت گرنی چاہئے نہیں تو یہ برباد کردیگی۔ اور آپ بتاﺅ جیوتی رادتیہ سندھیا اور تلسی بنا حکومت کے بغیر حکومت گرسکتی تھی؟اور کوئی طریقہ نہیں تھا۔ کانگریس کہہ رہی ہے دھوکہ تلسی سلاوٹ نے دیا ، جیوتی رادتیہ سندھیا نے دیا۔ کانگریس اب اس معاملے کو لے کر ماہرین سے صلاح ومشورے کے بعد سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔ ساتھ ہی صدر جمہوریہ سے بھی اپیل کریگی۔