وزیراعلیٰ نکاح منصوبہ کے تحت رجسٹرڈلڑکے لڑکیوں کو منصوبہ کا فائدہ دیا جائے

کمل ناتھ نے شیوراج کو لکھا خط:

بھوپال:9جون (نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو خط لکھا ہے۔جس میں انہوں نے لاک ڈاﺅن کے دوران گذشتہ 3مہینوں میں ہوئی شادیوں کو وزیراعلیٰ نکاح منصوبہ کے تحت مانتے ہوئے انہیں 51ہزار روپے دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمل ناتھ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے گذشتہ تین مہینے میں شادی تقریب میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا،لیکن طے شدہ شرطوں کے تحت شادی کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ریاست میں کئی لڑکے لڑکیوں کی رجسٹریشن وزیراعلیٰ نکاح منصوبے کے تحت اجتماعی تقریب کے لئے کی گئی تھی، لیکن انتظامیہ کے ذریعہ تقریب کا انعقاد نہیں کیا جاسکا ۔ ایسے میں جوڑوں کی شادیاں ان کے پاس مہیا محدود انتظامات کے ساتھ کی گئی۔ اسی وجہ سے ان نئے جوڑوں کو نکاح منصوبے کا کوئی فائدہ نہیں حاصل ہوا۔کمل ناتھ نے مزید لکھا کہ کانگریس حکومت کے ذریعہ وزیراعلیٰ نکاح منصوبے کی امدادی رقم 28سے بڑھاکر 51ہزارکردی گئی تھی۔ وہیں سابق وزیراعلیٰ نے خط کے ذریعہ وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ لاک ڈاﺅن کے دوران جن لڑکے لڑکیوں نے شادی کی ہے، انہیں اس منصوبہ کے تحت امدادی رقم دی جائے۔