وزارت میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد پرملازمین یونین نے دیا میمورنڈم


بھوپال:8جون(نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں کورونا سے حالات مسلسل بگڑتے جارہے ہیں ۔ اسی دوران بھوپال میں پیرکو 60نئے کورونا مثبت مریض ملے ہیں۔ اس میں راج بھون کاایک ملازم کورونا مثبت پایا گیا ہے۔ اب یہاں پر کورونا مثبت مریضوں کی تعداد 11ہوگئی ہے۔ وہیں وزارت کے ایک آﺅٹ سورس ملازم کی بھی موت ہوگئی ہے۔ جس کے بعد وزارت کے ملازمین یونین کے صدر سدھیر نایک نے نائب چیف سکریٹری سے جی اے ڈی کی دی گئی ہدایات کی پابندی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے میمورنڈم سونپا۔دراصل تیزی سے پھیل رہے انفیکشن کی ایک وجہ یہ ہے کہ محکمہ عام انتظامیہ نے 50فیصدملازمین کو دفتر بلانے کی ہدایت دی تھی جبکہ اب کل 100فیصد ملازمین کو دفتر بلایاجارہا ہے۔ جس کے بعد وزارت ملازمین یونین کے صدر سدھیر نایک سمیت دیگر افسران نے اس پر اپنی مخالفت درج کرائی اور نائب چیف سکریٹری سے جی اے ڈی کی ہدایات پر پابندی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ غورطلب ہے کہ اس سے قبل ستپورا بھون میں ایک اوایس ڈی کی کورونا سے موت ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک درجن سے زائد لوگ مثبت پائے گئے تھے۔ وہیں راج بھون میں پھر نیا معاملہ فکر کی باعث بنا ہوا ہے۔