بھوپال میں جون کے پہلے ہفتے میں کورونا کے خوفناک اعدادوشمار سامنے آئے


بھوپال:8جون(نیانظریہ بیورو)
راجدھانی بھوپال سمیت پوری ریاست اور ملک میں یکم جون سے ا ن لاک 1.0شروع ہوگیا ہے۔ ان لاک 1.0میں لوگوں کو رعایت بھی دی گئی ہے۔ سبھی طرح کے بازار اب کھل گئے ہیں اور لوگو ں کی آمدورفت پر بھی پابندیاں ہٹالی گئی ہیں۔ بھوپال میں مذہبی مقامات کو چھوڑ کر مالس اور دیگر مقامات بھی کھول دیئے گئے ہیں۔ راجدھانی میں ٹرانسپورٹ کا نظم بھی کافی حد تک شروع ہوچکا ہے۔ لیکن ان سب انتظامات کے درمیان کورونا کا خطرہ اب بھی کم نہیں ہوا ہے۔ حالانکہ یکم جون سے لے کر اب تک کورونا مثبت مریضوں کے نئے معاملوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔وہیں راجدھانی بھوپال میں یکم جون سے روزانہ ہی 40سے زیادہ کورونا مثبت مریض کے نئے معاملے سامنے آرہے ہیں۔ اگر یکم جون سے اب تک کے معاملوں کو مئی کے آخری ہفتے سے دیکھا جائے تو مریضوں میں اضافہ واضح طور پر دیکھا جاسکتاہے۔ جہاں 25مئی سے 31مئی کے دوران 244کورونا مثبت مریض ملے تھے ، وہیںیکم جون سے اب تک 311کورونا مثبت مریض مل چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ کورونا سے اموات کی اعداوشمار بھی 59سے بڑھ کر 63ہوگئی ہے۔ وہیں اگر کل تعداد کی بات کریں تو 31مئی تک کورون مثبت مریضوں کی کل تعداد 1514جو اب بڑھ کر 1825سے تجاوز کرگئی ہے۔ یکم جون سے نہ صرف اعدادوشمار میں اضافہ ہے بلکہ بھوپال کے اب ان علاقوں سے بھی کورونا مثبت مریض سامنے آرہے ہیں جہاں مئی کے مہینے میں ایک بھی کورونا مثبت مریض نہیں تھایا پھر بہت کم معاملے سامنے آئے تھے۔ بھوپال کے بان گنگا سلم ایریا اب نیا ہاٹ اسپوٹ بن کر سامنے آیا ہے۔ یہاں جون کے مہینے میں اب تک 20کورونا مثبت مریض سامنے آچکے ہیں۔ اور ان علاقوں میں سروے سیمپلنگ کا کام جاری ہے۔ اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس گھنی بستی میں مستقبل میں اور بھی معاملے سامنے آسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہاٹ اسپوٹ عیش باغ سے 36،ہنومان گنج سے 27اور کملا نگر سے 28معاملے یکم جون سے لے کر اب تک سامنے آئے ہیں۔اس بارے میں محکمہ صحت اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم نے اس بات کا اندازہ پہلے ہی لگالیا تھا کہ جون ،جولائی کے مہینے میں کورونا مثبت مریضوں میں اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔ اسی لئے ہم نے اپنے کوارنٹائن سنیٹر اور کووڈ19-کے سینٹروں میں ضروری انتظامات کرلئے تھے۔ محکمہ صحت کے چیف سکریٹری فیض احمد قدوئی نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ایک ٹیم نے جائزہ لیاتھا۔ جس کے مطابق جون اور جولائی کے مہینے میں کورونا مثبت مریضوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر جون کے مہینے میں مثبت مریضوں کے معاملے عروج پر ہونگے۔ جس کے مطابق ہماری پوری تیاری ہے اور حکومت ہند کی جو بھی ہدایات جاری ہورہی ہیں، اسی کے مطابق کام کیا جارہا ہے۔