ریاست کے مختلف اضلاع میں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان


بھوپال7جون(نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش میں نسرگ توفان کی وجہ سے کئی علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ریاست میں پری مانسون کی بارش بھی شروع ہوگئی ہے۔ گذ شتہ 24گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش آگر مالوہ میں 88میلی میٹر بارش درج کی گئی۔ جبکہ جھابوا میں 56.4میلی میٹر تک پانی برسا۔ بیتول میں 41میلی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وہیں بھوپال میں گزشتہ 24گھنٹے میں 7.8میلی میٹر بارش درج کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع میں بارش اور تیز ہوا کے ساتھ بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دراصل اتوار شام تک بھوپال سمیت اندور،ہوشنگ آباد ،اجین اور گوالیار ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کاامکان ہے۔ وہیں آنے والے 24گھنٹے میں بھوپال، ہوشنگ آباد، اندور،اجین ، شہڈول ڈویژن کے اضلاع میں اور گنا ، اشوک نگر ،شیوپوری ،شیوپورکلاں،جبلپور ،چھندواڑہ ، شیونی،منڈلا،بالاگھاٹ، ساگر اور ٹیکم گڑھ ضلع میں بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کا امکان ہیں۔ گذشتہ دنوں ہوئی بارش سے عوام کو تھوڑی راحت ملی ہے۔ اب درجہ حرارت بڑھ کر 35ڈگری پر پہنچ گیاہے۔ بنگال کی کھاڑی میں آٹھ جون سے کم دباﺅبننے جارہا ہے۔ اس کی اثرسے 10جون سے ریاست سمیت راجدھانی کا موسم بدلے گا اور بارش کا ایک دور شروع ہوگا۔