کانگریس لیڈر اور سابق وزیرامنگ سنگھار کے خلاف ایف آئی آر درج


دھار7جون(نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر جنگلات اور کانگریس سینئر لیڈر امنگ سنگھار کے خلاف دھار ضلع کے بدناور میں دفعہ 188اور 51کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ سابق وزیر کے خلاف ایف آئی آر سے مدھیہ پردیش کی سیاست گرماگئی ہے۔ سنگھار نے ٹویٹ کر کہا کہ میں کسان اور مزدوروں کی پریشانی کو معلوم کرنے پہنچا اور بی جے پی لیڈران نے مجھ پر معاملہ درج کرادیا۔ انہوں نے کہا کہ میں بدناور کے پریشان کسان اور مزدوروں کے لئے گرفتاری دینے جارہا ہوں۔
دراصل امنگ سنگھار پر بدناور میں ریلی کر بھیڑ جمع کرنے کا الزام لگایا گیاہے۔ دھار ایڈیشنل ایس پی دویندر پاٹیدار نے سنگھار کے خلاف معاملہ درج کئے جانے کی معلومات دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے سابق وزیر نے دھار ضلع کے بدناور علاقے میں گذشتہ دنوں ایک ریلی میں حصہ لیا تھا۔ لاک ڈاﺅن کے دوران بھیڑ جمع کرنے پر پابندی کے باوجود اس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس کو لے کر سابق وزیر کے خلاف دفعہ 188اور 51کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بدناور سے ایم ایل اے راج وردھن سنگھ دتتی گاﺅں کانگریس چھوڑ بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں ایسے میں یہاں پر آنے والے وقت میں اسمبلی ضمنی انتخاب ہونا ہے۔ اس سے قبل سابق وزیر پر ایف آئی آر سے سیاسی گلیوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔