اسپتال سے رفو چکر ہوئی خاتون کو پولیس نے دوبارہ پکڑا


گھر میں کیا کوارنٹائن
اندور 02 اپریل (نیا نظریہ بیورو) ایم وائی اسپتال میں 2 روز قبل ہی ماں بنی ایک خاتون
اچانک اپنی بچی کے ساتھ غائب ہوگئی۔ خاتون کے اچانک اسپتال سے غائب ہو جانے سے ہنگامہ برپا ہوگیا۔ پولیس کو کورونا وائرس کے امکان کے بارے میں بتایا گیا۔ قریب تین چار گھنٹوں تک تلاشی کے بعد پولیس نے خاتون کو تلاش کر لیا اس کا طبی معائنہ کیا گیا اور اسے گھر میں کوارنٹائن کردیا گیا۔معلومات کے مطابق ، ایم وائی اسپتال میں بھرتی ایک خاتون بدھ کی رات اچانک لاپتہ ہو گئی۔ یہ عورت دو دن قبل ہی ماں بنی تھی اور نومولود بچی بھی غائب تھی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ، ڈیوٹی ڈاکٹر نے سنیوگیتاگنج پولیس اسٹیشن کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس اسٹیشن سے کنٹرول روم میں اطلاع دی گئی۔ کورونا وائرس کے خوف کے سبب پورے اندور ضلع کی پولیس کوفعال کردیا گیا تھا ۔ انتظامیہ کے اہلکار بھی متحرک ہوگئے ۔ خاتون کو پی پی ای کٹ پہن کر تلاش کیا گیا۔اس خاتون نے اپنا پتہ ایم وائی اسپتال کے رجسٹر میں چندن نگر ای سیکٹر لکھا تھا ۔ جب پولیس کی ٹیم مذکورہ پتے پر پہنچی تو وہ خاتون وہاں نہیں ملی ، پتہ غلط تھا۔ تب یہ انکشاف ہوا کہ یہ عورت گل مہر کالونی میں رہتی ہے۔ جب ٹیم وہاں پہنچی تو وہ عورت بھی وہاں نہیں ملی۔تب اس عورت کا ایک رشتہ دار پولیس سے رابطہ میں آیا۔ اس نے بتایا کہ راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والی وجے پیلس کالونی میں وہ خاتون مل سکتی ہے۔ پولیس ، انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیم جب وہاں پہنچی تو کالونی میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ وہ عورت وہاں موجود تھی۔جب ڈاکٹروں کی ٹیم نے خاتون کا معائنہ کیا تو اس کی حالت معمول پر تھی ۔ تاہم ، خاتون یہ بتانے سے قاصر رہی کہ اچانک وہ بغیر اسپتال سے کیوں غائب ہوگئی ۔ انتظامیہ کی ٹیم نے خاتون کو اس کے گھر میں ہی کو ارنٹائن کر دیا ہے۔