کسانوں پرحکومت کافیصلہ غلط،فصلوں کی خریداری شروع کرے : ککا جی


بھوپال:02اپریل(نیانظریہ بیورو) قومی کسان مزدور یونین کے صدر شیوکمار نے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو خط لکھا ہے۔ خط کے ذریعہ شیوکمار ککا جی نے فصلوں کی خریداری فوری طور پر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دراصل کورونا کے بڑھتے قہر کو لے کر ریاست کی شیوراج حکومت نے گیہوں پیداوار کی خریداری ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا ہے جسے ککا جی نے غلط بتایا ہے۔ ککا جی نے خط میں لکھا ہے کہ ربیع فصل کی آمدنی سے ہی کسان اپنے قرض اتارتا ہے، ضروری خرچوں کے انتظام کے ساتھ خریف فصلوں کی بوائی کی تیاری کرتا ہے۔ ایسے میں اگر اس وقت ربیع فصلوں کی خریداری نہیں کی گئی تو آنے والے وقت میں ریاست میں کھاد دھان کے وقت کافی پریشانی ہوسکتی ہےں۔وہیں ککاجی نے وزیراعلیٰ بننے پر شیوراج سنگھ چوہان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں 21دن کے لاک ڈاﺅن کی پریشانی کو دیکھ کرانہوں نے وزیراعظم اور مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کو خط لکھا تھا۔ جس کے بعدوزیرزراعت تومر سے متعلق ان کی فون پر گفتگو ہوئی تھی۔ جس کے بعد کسانوں کو راحت دیتے ہوئے مرکزی حکومت نے 27مارچ کو گاﺅں میں ہی مراکز بناکر فصلوں کی خریداری کی اجازت دے دی تھی لیکن ریاستی حکومت کے ذریعہ 31مارچ کو آئے ایک حکم میں ربیع کی فصلوں کی خریداری کو اگلے حکم تک کے لئے ملتوی کردیا گیاتھا۔ ککا نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم حکومت کے 21دن کے لاک ڈاﺅن کی حمایت کرتے ہیں ،لیکن اس تکلیف دہ حالات میں کسانوں کو ہونے والی پریشانیوں سے منھ نہیں موڑا جاسکتا۔ اسی لئے رکے ہوئے ربیع فصلوں کی خریداری کاعمل جلد شروع کی جائے۔