مرکزی وزیرداخلہ سے سوال: ملک میں جمہوریت بچانا کس کی ذمہ داری: جیتوپٹواری


بھوپال:2جون(نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش میں اقتدار بدلنے کے بعد سے مسلسل کانگریس بی جے پی پر زبانی حملے کررہی ہے۔ اب جیسے جیسے ضمنی انتخابات نزدیک آرہے ہیں،لفظی جنگ بھی تیز ہوگئے ہیں۔ کانگریس نے اب مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے بیان پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ریاست کے سابق وزیر جیتوپٹواری نے کہا کہ امت شاہ نے مدھیہ پردیش میں اقتدار کی تبدیلی میںشمولیت سے انکار کردیا ،لیکن کیا ملک میں جمہوریت بچانا مرکزی حکومت کی ذمہ داری نہیں ہے۔دراصل بروز منگل ٹویٹ کرتے ہوئے پٹواری نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت کے خاتمے کے لئے مرکزی حکومت ذمہ دارہے۔ جس کا جواب انہیں ریاست کی عوام ضمنی انتخابات میں دے گی۔ واضح رہے کہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا تھا کہ مدھیہ پردیش میں حکومت گرانے کی ہماری کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔ یہ کانگریس کا اندرونی معاملہ تھا۔ ان کے سینئر لو گ پارٹی چھوڑ گئے، ان میں ہماری غلطی کہا ں ہے۔ یہ ذمہ داری تو راہل اور سونیا گاندھی کی تھی۔ جس پر اب پٹواری نے طنز کسا ہے۔
وہیں ایک دیگر ٹویٹ میں وزیراعظم مودی اور مرکز کے وزیر داخلہ پر نشانہ سادھتے ہوئے سابق وزیر پٹواری نے کہا کہ مودی جی کب تک منھ چھپائیں گے۔ حقیقت کی روشنی آپ کے گناہوں کو چھپنے نہیں دیگی۔ مدھیہ پردیش بی جے پی حکومت کے وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش میں کورونا اندور ایئر پورٹ سے آیا۔ نمستے ٹرمپ کے لئے ایئر پورٹ کھلے رکھنے کا ذمہ دار آپ کو مانیں یا امت شاہ جی کو یاسول ایویئشن کو خود فیصلہ کریں۔ فی الحال اس مدعہ پر ریاست میں سیاست گرم ہے۔