رام : امام ہند، ناز ہند: ایم پی اُردو اکادمی کے زیر اہتمام اُردو ڈرامہ فیسٹیول کے دوسرے دن پیش کیا گیا ڈرامہ

بھوپال12 جنوری(پریس ریلیز)مدھیہ پردیش اُردو اکادمی ،محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام “اُردو ڈرامہ فیسٹیول” کے تحت دوسرے دن”رام : امام ہند، ناز ہند” ڈرامہ پیش کیا گیا۔ یہ ڈرامہ ابھیودے سانسکرتک منچ، اندور کے ذریعے پیش کیا گیا۔جس کے مصنف و ہدایت کار آلوک واجپائی ہیں۔
پروگرام کی ابتدا میں اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے اردو شاعری میں رام کے مقام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اردو شاعری میں رام کا ذکر کریں تو نظیر کے یہاں رام پر بہترین شاعری ملتی ہے۔ چَکبست نے رام کے رخصتِ بن باس کا نقشہ کھینچا ہے توعلامہ اقبال نے ان کی شجاعت، پاکیزگیِ نفس اور رعایا سے ان کی محبت کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں امامِ ہند کہا ہے۔ آج کے ڈرامے کی تھیم اور موضوع بھی یہی ہے اور ڈرامہ کا نام ہے “رام : امام ہند، ناز ہند”.
اس ڈرامہ کے تحت اردو شاعری میں رام پر مرکوز نظموں کو ایک تمثیلی مشاعرے کے ذریعے پیش کیا جارہا ہے۔یہ ادبی حصہ تقریباً پچاس منٹ کا ہے، باقی اتنے ہی حصے میں میوزیکل ڈرامہ ہے۔یہ ڈرامہ کی ایک نئی قسم ہے جسے انفو ڈرامہ کہہ سکتے ہیں، مطلب اس میں کئی اہم معلومات بھی ڈرامائی شکل میں پیش کی جارہی ہیں۔ڈرامہ کے ذریعے قومی یکجہتی، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا گیا ہے، اور ملک کی مثبت تعمیر میں ایک دوسرے کے مذہب اور علماءکے لیے محبت، عزت اور امن کی طرف بھی یہ ڈرامہ اشارہ کرتا ہے۔