حمیدیہ اسپتال کی دو نرسیں صحتیاب،چرایواسپتال سے 108مریضوں کی چھٹی

کوروناسے راحت:

بھوپال:یکم جون(نیانظریہ بیورو)
راجدھانی بھوپال کے حمیدیہ اسپتال میں کورونا میں دو نرسیں متاثرہ پائی گئی تھیں،جن کاعلاج چل رہاتھا،بروز پیر اسٹاف نرسوں نے کرونا کو شکست دے دی ہے۔ جس کے بعد دونوں کو اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ اس دوران اسپتال کے عملے نے تالیاں بجا کر دونوں کا اعزاز کیا۔ ان نرسوں میں سے ایک کے گھر پہنچنے پر آس پاس کے لوگوں نے بھی ڈھول اور تالیاں بجا کر اس کا استقبال کیا۔ فی الحال ، دونوں نرسوں کو 7 دن تک ہوم کورنٹائن میں رکھا جائے گا۔دراصل یہ دونوں نرسیں حمیدیہ اسپتال میں تعینات ہیں۔ ڈیوٹی کے دوران ہی کرونا سے متاثر ہوئیں۔ جس کی وجہ سے ایک نرس کوچرایو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔بتایاجاتاہے کہ ہوم کورنٹائن کاوقت مکمل کرنے کے بعد نمونے لینے پر دوبارہ نرس کو کورونا مثبت پایا گیاتھا۔ جس کے بعد اسے حمیدیہ اسپتال میںعلاج کےلئے داخل کرایا گیا۔ جبکہ دوسری نرس بھی حمیدیہ اسپتال میں زیر علاج تھی۔ اب دونوں مکمل طور پر صحتمند ہیں ، جس کے بعد انہیں اسپتال سے چھٹی دیدی گئی اورکم از کم 7روز تک ہوم کورنٹائن میں رہنے کامشورہ دیاگیاہے۔غورطلب ہے کہ موجودہ وقت میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔وہیںکورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ آج چرایو میڈیکل کالج سے108 مریضوں کی رپورٹ منفی آئی ہے ،جس کے بعدانہیں بھی اسپتال سے چھٹی دیدی گئی ہے۔