الیکشن لڑیں گے سیٹ کا فیصلہ پارٹی کرے گی:یوگی

لکھنؤ:02جنوری. اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں وہ انتخابی میدان میں اتریں گے لیکن کس سیٹ سے انہیں پرچہ نامزدگی داخل کرنا ہے اس کا فیصلہ بی جے پی کرے گی۔
یہ پہلی بار ہوگا جب یوگی آدتیہ ناتھ یوپی اسمبلی انتخابات میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔
یوگی نے آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے 300سے زیادہ سیٹیں جیتنے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی اسمبلی انتخابات گذشتہ پانچ سالوں کی اپنی حصولیابیوں اور ڈبل انجن کی حکومت کے ذریعہ کئے گئے کاموں کی بنیاد پر انتخابات میں عوام کے درمیان جائے گی۔
ہفتہ کو یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وہ الیکشن لڑنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹےاور جب پارٹی قیادت چاہئے گی وہ الیکشن لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس بار انتخابات کے دوران ذات پات یا فرقہ واریت کا کوئی مسئلہ نہیں ہے صرف حکومت کی طرف سے کئے گئے کاموں کو اجاگر کیا جائے گا۔
دس دنوں کے اندر انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوجانے کے توقع کا اظہار کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ پر الیکشن کمیشن ہی فیصلہ کرے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی جو بھی ہدایات ہونگی بی جے پی انتخابی مہم کے دوران ان تمام پر عمل کرے گی۔
اکھلیش یادو کے ذریعہ 300یونٹ بجلی مفت دئیے جانے کے اعلان کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتےہوئے یوگی نے کہا کہ ’سال 2012۔17 کے درمیان جب ایس پی اقتدار میں تھی جو چار اضلاع کے علاوہ ریاست کو بجلی نہیں سپلائی کرسکتے تھے اور اب ایسے اعلانات کر کے وہ خود کا مذاق اڑا رہے ہیں‘۔
یوگی نے کہا کہ سال 2014 میں مودی کے وزیر اعظم بننےکے بعد ذات پات کی سیاست کا دور ختم ہوگیا ہے۔ہم سب کا ساتھ،، سب کا وکاس کے منتر پر کام کررہے ہیں جس کے تحت تمام کمیونٹیز بغیر کسی ذات کی تفریق کےحکومت کی حمایت کررہی ہیں۔