کورونا وبا کے سبب ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو ملی راحت

ریرا نے ایک فیصد کم کی ٹیکس شرح

بھوپال29مئی:ریئل اسٹیٹ سیکٹر پر کووڈ 19وبا کے مضر اثرات کو کم کرنے اور اسے راحت دینے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ ریرا اتھارٹی نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر کو راحت دینے کے مقصد سے پروموٹر پر مقررہ وقت کے بعد مکان منتقل کرنے کی صورت میں عائد کئے جانے والی ٹیکس کی شرح میں ایک فیصد کی کمی کی ہے۔ پہلے یہ شرح 10فیصد تھی جو اب کم کرکے 9فیصد کردی گئی ہے۔ کورونا وبا کے سبب ہوئے لاک ڈاﺅن کی وجہ سے پروجیکٹس کے متاثر ہوئے کام کی تلافی کے لئے ریاست میں رجسٹرڈ تمام پروجیکٹس کو ریرا اتھارٹی کے ذریعہ 6ماہ کی مدت پہلے ہی دی جاچکی ہے۔
کورونا کی وجہ سے ہوئے مالی نقصان کی تلافی کے لئے حال ہی میں ریزرو بینک آف انڈیا کے ذریعہ متعدد راحتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ریپو ریٹ میں 0.40فیصدکی تخفیف کی گئی ہے۔ ریپو ریٹ اب 4.4سے کم ہوکر 4فیصد کردیا گیا ہے۔ وہیں ٹرم لون موٹوریم آئندہ 31اگست تک کے لئے بڑھا دیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اتھارٹی کے ذریعہ شکایت اور پروجیکٹ رجسٹریشن کا کام پہلے سے ہی آن لائن کیا جارہا ہے۔ ساتھ ہی معاملات کی سماعت بھی آئندہ یکم جون سے ویڈیو کانفرنسنگ سے شروع کی جارہی ہے۔