’امفان‘: اڈیشہ میں 1.5 لاکھ اور مغربی بنگال میں 3.3 لاکھ لوگ محفوظ مقامات پر پہنچائے گئے

طوفان امفان کے پیش نظر ہر طرح کے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اڈیشہ حکومت کے مطابق تقریباً 1.5 لاکھ لوگوں کو سمندری علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔ بالاسور، بھدرک ضلع زیادہ متاثر ہوں گے، اس لیے وہاں سے زیادہ لوگوں کو نکالا گیا ہے۔ دوسری طرف مغربی بنگال حکومت کے مطابق 3.30 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل ایس این پردھان کا کہنا ہے کہ فکر کی بات ہے کہ لینڈ فال کس رفتار سے ہوگا۔ دونوں ریاستوں میں کل 41 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ 20 ٹیمیں اڈیشہ میں تعینات ہیں اور 19 مغربی بنگال میں، جب کہ 2 ٹیمیں اسٹینڈ بائی پر ہیں۔
طوفان ’امفان‘ کی آہٹ، اڈیشہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع
طوفان امفان کی آہٹ اڈیشہ میں محسوس کی جا رہی ہے۔ بالاسور ضلع واقع چاندی پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی شروع ہو گئی ہے۔ امفان کی دستک کے بعد آج لینڈ فال ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سمندری علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا ہے اور حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے۔