مزدور تنظیموں نے لیبر قانون کمزور کرنے کے خلاف اٹھائی آواز، 22 مئی کو ملک گیر مظاہرہ کا اعلان

لیبر قانون کمزور کرنے سے ناراض مزدور تنظیمیں 22 مئی کو کریں گی ملک گیر مظاہرہ
نئی دہلی: مختلف مرکزی مزدور تنظیموں نے اترپردیش اور مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں میں لیبر قانون کو کمزور کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف 22 مئی کو ملگ گیر سطح پر مظاہرے کئے جائیں گے۔ مزدور تنظیموں نےیہاں جاری ایک بیان میں لیبر قوانین کو کمزور کرنے کی سخت مذمت کی اور انہیں بے رحم اور مجرمانہ قرار دیا۔

ہمیں ہندوستان کے دل کو دیکھ کر فیصلہ لینا ہے، بیرونی ممالک کو دیکھ کر نہیں: راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہندوستان کے دل کو دیکھ کر فیصلہ لینا ہے، بیرونی ممالک کو دیکھ کر نہیں۔ کورونا بحران میں طلب اور فراہمی دونوں بند ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ دونوں کو رفتار دے۔ اب حکومت نے جو قرض پیکیج کی بات کہی ہے، اس سے طلب شروع نہیں ہونے والی ہے۔ کیونکہ بغیر پیسے کے لوگ خریداری کیسے کریں گے۔ طلب کو شروع کرنے کے لیے پیسہ دینے کی ضرورت ہے۔ ’نیائے‘ جیسے منصوبے اس میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ طلب شروع نہ ہونے پر بہت بڑا معاشی نقصان ہونے کا امکان ہے، جو کورونا سے بھی بڑا ہو سکتا ہے۔

ابھی طوفان آیا نہیں بلکہ معاشی طوفان تو اب آنے والا ہے: راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جاری پریس کانفرنس میں ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن ریاستوں میں ہماری حکومت ہے وہاں ہم پوری مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چھتیس گڑھ حکومت لوگوں کو سیدھا پیسہ بھیج رہی ہے۔ منریگا پر ہم فوکس کر رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ یہ سچ ہے کہ میں نے 12 فروری کو ہی بات اٹھائی تھی لیکن ابھی اس کی بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ طوفان ابھی آیا نہیں ہے، آ رہا ہے، اور وہ معاشی طوفان ہے۔

اس وقت لوگوں کو قرض نہیں بلکہ امدادی پیکیج کی ضرورت ہے: راہل گاندھی
کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی اس وقت ریجنل میڈیا کے اہلکاروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ گفتگو کر رہے ہیں۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ کورونا سے پیدا ملک کے حالات سے سبھی واقف ہیں اور یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اگر کسی ماں کا بیٹا تکلیف میں ہے تو ماں اسے قرض نہیں دے گی بلکہ فوراً مدد کرے گی۔ ٹھیک اسی طرح اس وقت ہندوستان کے کسانوں، غریبوں، مہاجر مزدوروں کو قرض کی نہیں بلکہ امدادی پیکیج کی ضرورت ہے۔ اس وقت ضرورت ہے کہ ڈائریکٹ ان کی جیب میں پیسے ڈالے جائیں۔

مدھیہ پردیش: مہاجر مزدوروں کو لے جا رہی ٹرک حادثہ کا شکار، 5 مزدور ہلاک
اتر پردیش کے اوریا میں سڑک حادثہ کے بعد اب مدھیہ پردیش میں بھی سڑک حادثہ کےد وران مہاجر مزدوروں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اے ایس پی پروین بھوریا نے میڈیا کو خبر دی ہے کہ ساگر ضلع واقع باندا کے نزدیک ایک ٹرک پلٹ گئی جو مہاجر مزدوروں کو لے کر مہاراشٹر سے اتر پردیش جا رہی تھی۔ اس حادثہ میں 5 مہاجر مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔

اوریا حادثہ افسوسناک، کیا حکومت کا کام صرف بیان بازی کرنا ہے: پرینکا گاندھی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اورنا سڑک حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”اوریا کے اندوہناک حادثہ نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ آخر حکومت کیا سوچ کر ان مزدوروں کے گھر جانے کا مناسب انتظام نہیں کر رہی ہے؟ ریاست کے اندر مزدوروں کو لے جانے کے لیے بسیں کیوں نہیں چلائی جا رہی ہیں؟ یا تو حکومت کو کچھ نظر نہیں آ رہا یا وہ سب کچھ دیکھ کر انجان بنی ہوئی ہے۔ کیا حکومت کا کام صرف بیان بازی کرنا رہ گیا ہے؟“

ہندوستان: کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 2752 پہنچی، مریضوں کی تعداد 85940
وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح نے ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے متعلق نئے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ جاری کردہ جانکاری کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ہندوستان میں کورونا انفیکشن کے 3970 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ 103 اموات درج کی گئی ہیں۔ ملک میں اب کورونا پازیٹو معاملوں کی کل مجموعی تعداد 85940 ہو گئی ہے جن میں تقریباً 53 ہزار کیسز ایکٹیو ہیں۔ کورونا انفیکشن والے مریضوں کی تعداد کے معاملے میں ہندوستان اب چین سے آگے بڑھ گیا ہے۔ چین میں تقریباً 84 ہزار مریض اب تک سامنے آئے ہیں۔ بہر حال، ہندوستان میں مہلوکین کی مجموعی تعداد 2752 پہنچ گئی ہے۔

راہل گاندھی کی پریس کانفرنس آج 12 بجے، 50 سے زائد ریجنل میڈیا کی موجودگی کا امکان
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اعلان کیا ہے کہ وہ آج الیکٹرانک ریجنل نیوز میڈیا کے ساتھ 12 بجے پریس کانفرنس کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس پریس کانفرنس کے دوران 50 سے زائد ریجنل میڈیا کے نامہ نگار موجود ہوں گے۔ سوالات ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ پوچھے جائیں گے اور راہل گاندھی اس کا جواب دیں گے۔

اتر پردیش: اوریا حادثہ پر اکھلیش یادو نے وزیر اعلیٰ یوگی کو بنایا تنقید کا نشانہ
اتر پردیش کے اوریا میں ایک سڑک حادثہ کے دوران اب تک 24 مہاجر مزدوروں کی موت کی خبر سامنے آ چکی ہے۔ اس حادثہ کے تعلق سے یو پی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”اتر پردیش کے اوریا میں سڑک حادثہ میں 24 سے بھی زیادہ غریب مہاجر مزدوروں کی موت پر بہت تکلیف ہوئی۔ زخمیوں کے لیے دعائیں۔“

اکھلیش یادو اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ”سب کچھ جان کر، سب کچھ دیکھ کر بھی خاموشی اختیار کرنے والے بے درد لوگ اور اس کے حامی دیکھیں کب تک اس طرح نظر انداز کیے جانے کو مناسب ٹھہراتے ہیں۔ ایسے حادثے موت نہیں قتل ہیں۔“

ڈونالڈ ترمپ نے ہندوستان کو بڑی تعداد میں وینٹی لیٹر دینے کا کیا اعلان
ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے حالات دن بہ دن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ اس درمیان طبی سامانوں، خصوصی طور سے پی پی ای کِٹ اور وینٹی لیٹرس کی کمی کی خبریں لگاتار سامنے آ رہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس سلسلے میں ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ”ہم ہندوستان کو بہت سارے وینٹی لیٹر بھیج رہے ہیں۔ پی ایم مودی سے میں نے بات کی ہے۔ ہم ہندوستان کو کافی وینٹی لیٹر بھیج رہے ہیں۔ ہمارے پاس بڑی تعداد میں وینٹی لیٹر کی سپلائی ہے۔“

مدھیہ پردیش: 30 غیر ملکی تبلیغی جماعت کارکنان سمیت 35 کو جیل، مزید 36 حراست میں
بھوپال میں پولس نے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے 71 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے 35 کو جیل بھیجا گیا ہے جب کہ 36 کو حراست میں رکھا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جن 35 لوگوں کو جیل بھیجا گیا ہے ان میں سے 30 بیرون ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جب کہ 5 ہندوستانی ہیں۔ ان سبھی پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سمیت دیگر کئی معاملے شہر کے الگ الگ تھانہ علاقوں میں درج ہیں۔