سندھیا کی قیادت میں ضمنی انتخابات کے 24سیٹیں حاصل کرنا ہمارا ہدف:بی جے پی


بھوپال:9مئی(نیانظریہ بیورو)
شیوراج کابینہ توسیع کی خبروں کے درمیان سندھیا حامی اور شیوراج حکومت میں کابینہ وزیر گووند راجپوت کا بڑا بیان سامنے آیا ہے ۔ وزیر کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جیوتی رادتیہ سندھیا مرکزی وزیر بنیں، لیکن یہ مرکزی قیادت ہی طے کریگی۔ راجپوت کے بیان سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ کمل ناتھ حکومت گرنے میں اہم کردار اداکرنے والے سندھیا کو ان کے حامی صرف راجیہ سبھا امیدوار ہی نہیں بلکہ مودی کابینہ میں بھی جگہ دلانے کی خواہش مند ہیں۔حالانکہ بی جے پی کی طرف سے اس ضمن میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔ لیکن راجپوت کے بیان نے کہیں نہ کہیں سیاسی گلیاروں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ دراصل گووند راجپوت آج بی جے پی کے ریاستی دفتر پہنچے تھے جہاں ریاسی صدر وی ڈی شرما سے گفتگو ہوئی ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران راجپوت نے بتایا کہ بی جے پی کے دفتر میں وی ڈی شرما سے عام گفتگو ہوئی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جیوتی رادتیہ سندھیا مرکزی وزیر بنے ،لیکن یہ مرکزی قیادت طے کرے گی۔ وہیں کابینہ توسیع کو لے کر کہا کہ یہ وزیراعلیٰ شیوراج کے اختیار میں ہے۔ اس میں کچھ نہیں بولنا چاہتا۔ سندھیا کی قیادت میں ضمنی انتخابات میں 24سیٹیں حاصل کرنا ہمارا ٹارگیٹ ہے۔