ہندوستان مشکل حالات سے لڑنے کے لیے تیار… مرکزی ہندوستان سب سے خراب حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار: ڈاکٹر ہرش وردھن

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کورونا وائرس کو لے کر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے صحت کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ ”کئی دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہم اپنے ملک میں بہت خراب حالات کا اندازہ نہیں لگا رہے ہیں، لیکن پھر بھی ہم نے پورے ملک کو سب سے خراب حالات کے لیے تیار کر دیا ہے۔“

کوویت میں بڑھے کووڈ-19 کے معاملے، 20 دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان
کویت نے عالمی وبا كووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے قہر کو ذہن میں رکھ کر 20 دن کے لاک ڈاؤن کا علان کیا ہے ۔ ملک میں جمعہ کے روز ایک دن میں کورونا وائرس کے سب سے زائد 641 کیسز سامنے آنے پر احتیاطاََ 10 مئی سے 30 مئی تک مکمل بند کا فیصلہ کیا گیا ۔کویت میں وائرس نے 24 فروری کو دستک دی تھی اور آٹھ مئی تک 7208 کیسز اور 47 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ 2466 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں ۔ملک کی وزارت صحت کی سفارش پر احتیاط کے طور پر 20 دن کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا جو 10 مئی سے 30 مئی تک نافذ رہے گا۔

ایمس ڈائریکٹر ڈاکٹر گلیریا گجرات پہنچے، کورونا سے متعلق ڈاکٹروں کو دی اہم صلاح
گجرات میں کورونا کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس ریاست میں اب تک تقریباً 450 لوگوں کی موت کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے ہو گئی ہے اور متاثرین کی مجموعی تعداد 7400 کو تجاوز کر چکی ہے۔ ان مشکل حالات کے درمیان آج ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے گجرات کا دورہ کیا۔ انھوں نے احمد آباد سول اسپتال میں ڈاکٹروں سے ملاقات کر انھیں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے بارے میں اہم جانکاریاں دیں۔

پنجاب: امرتسر کے تاجر دکان نہیں کھولنے دینے سے ناخوش، کیا مظاہرہ
پنجاب واقع امرتسر میں کئی تاجر مقامی انتظامیہ کے ذریعہ ان کی دکانیں نہیں کھولنے دینے سے کافی ناراض ہیں۔ درجنوں تاجروں نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے سڑک پر مظاہرہ بھی کیا۔ سب انسپکٹر تلوندر سنگھ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کا دکان کھولے جانے سے متعلق کوئی حکم فی الحال نہیں آیا ہے، جیسے ہی حکم نامہ موصول ہوگا، دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی جائے گی۔

آئی آر سی ٹی سی کی رسوئی میں اسٹاف کی کمی، ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کر رہے مدد
اتر پردیش سے لگاتار مزدور اسپیشل ٹرینیں چل رہی ہیں اور ٹرینوں میں ان کے لیے کھانے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔ خبروں کے مطابق ٹرینوں میں کھانا پہنچانے کے لیے مرادآباد میں آئی آر سی ٹی سی کی رسوئی میں کھانا تیار کیا جا رہا ہے لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے رسوئی میں اسٹاف کی کافی کمی ہے۔ نتیجتاً ریلوے کے ٹکٹ چیکنگ اسٹاف اور پارسل اسٹاف بھی کھانا بنانے میں مدد کر رہے ہیں۔

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں 95 اموات، 3320 نئے معاملے آئے سامنے
ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن سے اموات کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے، لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ لگاتار کچھ دنوں سے اموات کی تعداد 100 سے زائد درج کی جا رہی تھیں، لیکن گزشتہ 24 گھنٹے میں یہ تعداد 100 سے نیچے پہنچ کر 95 پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت سے موصول اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 3320 نئے معاملے بھی درج کیے گئے ہیں جس سے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد ہندوستان میں 59662 ہو گئی ہے۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ہندوستان میں 1981 بتائی جا رہی ہے۔

چھتیس گڑھ: بھوپیش بگھیل نے پی ایم مودی کو لکھا خط، مانگی 30 ہزار کروڑ روپے کی مدد
کورونا وائرس انفیکشن سے پیدا مشکل حالات اور معاشی بدحالی سے جنگ کے لیے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے پی ایم مودی کو خط لکھ کر 30 ہزار کروڑ روپے کے مالی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ بھوپیش بگھیل نے خط میں لکھا ہے کہ کورونا کی وجہ سے پیدا معاشی بحران کو قابو میں کرنے کے لیے آئندہ 3 مہینوں میں ریاست کے لیے 30 ہزار کروڑ روپے کا پیکیج دیا جانا چاہیے۔ انھوں نے پی ایم مودی سے 30 ہزار کروڑ روپے میں سے 10 ہزار کروڑ روپے فوراً جاری کرنے کی گزارش بھی کی ہے۔