درجنوں کورونا پازیٹو معاملہ سامنے آنے کے بعد نوی ممبئی زرعی پیداوار مارکیٹ بند

تھانے: مہاراشٹر میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے قہر کی وجہ سے نوی ممبئی کی ایگریکلچرل پروڈیوس مارکیٹ کمیٹی (اے پی ایم سی) 11 سے 17 مئی تک بند رہے گی۔ اے پی ایم سی بازار میں سبزیاں، پھل، مصالحے، اناج ، آلو اور پیاز کی دوکانیں ہیں اس بازار میں 85 لوگ جن میں تاجر، مزدور اور بازار کے ملازمین شامل ہیں، جمعہ کو کورونا سے مثبت پائے گئے تھے اور ان کے رابطے میں آئے 117 لوگوں کے بھی اس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ فیصلہ ایڈیشنل چیف سکریٹری (مارکیٹ) انوپ کمار، انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر (آئی اے ایس) سنجیو جیسوال، لیڈر نریندر پاٹل، تمام مارکیٹوں کے نمائندے، مارکیٹ ایڈمنسٹریٹرز، نوی ممبئی میونسپل کمشنر انا صاحب مِسال اور کونکن ڈویژنل کمشنر شیواجی ڈونڈ کے درمیان ہوئی میٹنگ میں کیا گیا ہے۔ اے پی ایم سی سکریٹری انل چوہان نے کہا ’’مارکیٹ کو مکمل طور پر انفیکشن سے پاک کیا جائے گا اور جن ملازمین کی ابھی تک کورونا جانچ نہیں ہوئی ہے، ان کی جانچ کرائی جائے گی‘‘۔