راحت کی بات : پولیس ٹریننگ سنٹر میں کورونا سے صحت یاب ہو ئے 16 مریض


مئیر اور سی ایم ایچ او نے گلدستہ پیش کر گھروں کیلئے کیا وداع
اُجین08 مئی (نیا نظریہ بیورو) جمعہ کے روز مکسی روڈ پر واقع پولیس ٹریننگ سنٹر سے 16 افراد کورونا سے صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کیلئے روانہ ہوئے ۔ اس دوران میئر محترمہ مینا جونوال ، ایڈیشنل کلکٹر جناب اتنر سنگھ اور چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انوسوئیہ گولی سنہا نے صحت یا ب ہوئے مریضوں کوگلدستہ پیش کر گھروں کیلئے وداع کیا ۔اس موقع پر میئر نے لوگوں سے علاج کے دوران انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں پوچھا ، جس پر تمام لوگوں نے ایک آواز میں پی ٹی ایس کی سہولیات کی تعریف کی اور سب نے وہاں میڈیکل ٹیم کو سراہا جو دن بھر ان کی خدمت میں حاضر تھے۔ میئر نے لوگوں کو بتایا کہ اگر یہاں سے گھر جانے کے بعد کسی قسم کی کوئی پریشانی ہوتی ہے تو لوگ ان سے کسی بھی وقت براہ راست فون پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ میئر نے کہا کہ بحران کی اس گھڑی میں میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہمیں کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے لوگوں کی ہمت اور تعاون کی ضرورت ہے۔سی ایم ایچ او ڈاکٹر سنہا نے صحت یاب ہونے والے مریضوں کو احتیاط کے طور پر 14 دنوں تک اپنے گھروں میں خود کو قرنطین رکھنے کے لئے کہا اور صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی بات کہی ۔ ڈسچارج ہونے والوں میں انیتا آریہ ، سنیہا آریہ ، نکیتا آریہ ، شریہ آریہ ، فریدہ ، بشریٰ ، طاہر علی ، ماہم ، ریحان ، فرزانہ بی ، لبیشا ، ڈاکٹر جلیل احمد ، خوشبو ، سلطانہ بی ،نداخان اور طاہرہ کے نام شامل ہیں۔ اس موقع پر اے پی او جناب گوتم ادھیکاری ، محکمہ صحت کے جناب دلیپ سنگھ ، ڈاکٹر اے ایس تومر ، ڈاکٹر ایس کے اکھنڈ ، ڈاکٹر مہندر سنگھ یادو وغیرہ مو جود رہے ۔