اُجین ایس پی ,سچن اتلکر کا ہوا تبادلہ


منوج کمار سنگھ نے اُجین ایس پی کا سنبھالا عہدہ
اُجین08مئی (نیا نظریہ بیورو)کورونا وبا کے اس دور میں ، ریاستی حکومت مستقل طور پر انتظامی سرجری کر رہی ہے۔ اُجین کلکٹر جناب ششانک مشرا کے تبادلے کے بعد ، اب اُجین کے ایس پی جناب سچن اتلکر کابھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔ دبنگ پولیس آفیسرجناب منوج کمار سنگھ ، جو تقریباً ڈیڑھ دہائی قبل اُجین میں سی ایس پی عہدے پر اپنا فریضہ نبھا چکے ہیں اب اُجین کے نئے پولیس کپتان بنائے گئے ہیں۔ منوج کمار سنگھ ، جو ضلع آگر میں پولیس سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر تعینات تھے جمعرات کی شام بھوپال کے ہیڈکوارٹر پولیس کے ذریعہ اُجین میں تعینات کر دیا گیا۔ دوسری طرف ، اُجین کے ایس پی جناب سچن کمار اتلکر کو اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر کی حیثیت سے بھوپال بھیجا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ منوج کمار سنگھ 2010 بیچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں۔ 2004 اور 2006 کے درمیان ، وہ بطور سی ایس پی اُ جین میں تعینات تھے۔ اس کے ساتھ ہی مندسور ایس پی ہیتیش چودھری کو بطور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھوپال تعینات کیا گیا ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس کے طور پر تعینات راکیش ساگر کو آگر مالوہ کا نیا ایس پی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ بھوپال میں تعینات اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس سدھارتھ چودھری کو مندرسور ایس پی بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انتظامی سرجری کا ایک اور دور ابھی باقی ہے۔ جلد ہی اُجین آئی جی اور میونسپل کارپوریشن کمشنر کے تبادلے کے احکامات بھی جاری کیے جا ئیں گے۔ ان دونوں عہدوں کے لئے ریڈیو آئی جی ڈاکٹر رمن سنگھ سکروار اور ایڈیشنل کلکٹر جناب نریندر سور یہ ونشی کا نام پیش پیش ہے ۔