ضرورت مندوں اور غریبوں کو مسلم نوجوان کمیٹی گھر گھر تقسیم رہی ہے راشن


مہدپور04مئی (نیا نظریہ بیورو) کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈا¶ن جاری ہے، ایسے حالات میں لوگ جگہ جگہ خدمتِ خلق انجام دے رہے ہیں۔ مہدپور شہر میں بھی مسلم نوجوان کمیٹی گذشتہ چالیس دنوں سے کورونا ریلیف (خدمت خلق) کا کام انجام دے رہی ہے۔ ماسٹر اظہر نے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے ہر محلے اور علاقے میں ضرورت مند خاندانوں کو بلا تفریق مذہب و ملت راشن کٹ تقسیم کیا جا رہا ہے۔ جس میں تقریبا ًدس دن کا راشن ہوتا ہے۔ اب تک پندرہ سو راشن کٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ مسلم نوجوان کمیٹی رمضان جیسے بابرکت مہینے کے مد نظر ضرورت مند روزے دار خاندان کو تلاش کر کے سو خصوصی رمضان کٹ بھی تقسیم کر چکی ہے۔ کمیٹی کے سرفراز احمد ناگوری نے بتایا کہ ہماری کمیٹی کے کام سے متاثر ہو کر مہدپور شہر کے بااثر اور ذمہ دار افراد اس کام میں مدد کر رہے ہیں۔ جس سے ضرورت مندوں کی مدد کی جا رہی ہے۔ جو حالات درست ہونے تک جاری رہے گی۔ ساتھ ہی کمیٹی مہدپور کے تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ اس مشکل گھڑی میں اپنے آس پاس متوسط درجے کے ضرورت مندوں کا بھی خاص خیال رکھیں، جو شرم کی وجہ سے کسی کو اپنی حالت اور ضرورت نہیں بتاتے ہیں۔ خدمتِ خلق کے اس کام کو آگے بڑھانے میں ہماری مدد کریں۔ راشن کٹ تقسیم کرتے وقت ماسک، سینیٹائزر، دستانے سوشل ڈسٹینس وغیرہ کا حفاظت کے پیش نظر خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے۔ اس کام میں محمد جاوید، عبدالمجید ناگوری، عبد الواحد ناگوری، اشفاق میاں، محمد رئیس وغیرہ کمیٹی کے ممبران خصوصی امداد فراہم کر رہے ہیں۔