کٹھوعہ ایس ایس پی نے شدید گرمی میں کوارنٹائن سنٹر جانے سے بچنے کا لوگوں کو بتایا نسخہ

جموں: ایس ایس پی کٹھوعہ ڈاکٹر شیلندر کمار مشرا نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرکے کٹھوعہ میں کوارنٹائن کیے جانے سے بچیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت کٹھوعہ میں شدید گرمی ہے اس لیے کوارنٹائن سنٹر جانے سے بچنا چاہیے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

واضح رہے کہ ضلع کٹھوعہ جموں وکشمیر یونین ٹریٹری کا گیٹ وے ہے جس کے پیش نظر دوسری ریاستوں سے از خود آنے والوں کو یونین ٹریٹری میں داخل ہونے کے لئے یہاں کوارنٹائن میں رہنا پڑتا ہے۔ ایس ایس پی شیلندر کمار نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لوگوں سے کہا ہے کہ “برائے مہربانی کٹھوعہ کوارنٹائن سے بچیں یہاں کافی گرمی ہے، کورونا وائرس کے پیش نظر جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔”

دریں اثنا حکومت نے ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ ہوئے جموں وکشمیر کے مزدوروں، طالب علموں اور دیگر افراد کے لئے آن لائن رجسٹریشن اور ہیلپ لائن نمبرات جاری کیے۔ یہ با ت قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے مہاجر مزدوروں اور دیگر درماندہ افراد کو واپس اپنے اپنے علاقوں کو جانے کی اجازت دی ہے۔