ارونگ آباد میں کورونا کے بڑھتے معاملے،حکم امتناعی نافذ

اورنگ آباد،یکم مئی(یواین آئی)مہاراشٹر کے اورنگ آباد ضلع میں کورونا وائرس (کوویڈ -19) کے انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر میونسیپل کارپوریشن علاقے میں حکم امتناعی نافذ کردیا گیا ہے۔
سرکاری اطلاع کے مطابق حکم امتناعی تین مئی تک نافذ رہےگا۔ریاست میں پہلے سے ہی وبا قانون 1897 کی دفعہ دو،تین اور چار نافذ ہے۔شہر میں پچھلے چار دن میں کورونا کے 47نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی کل تعداد 100 پر پہنچ گئی ہے اور اب تک سات لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔
دوسری طرف اورنگ آباد ضلع کاروباری فیڈریشن نے کورونا وائرس کی روک تھام کےلئے نیو مارکٹ اور اولڈ مارکٹ کو تین مئی تک بند رکھے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔فیڈریشن نے ایک صحت کیمپ بھی منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
پولیس نے بھیڑ نہ ہونے دینے کےلئے شہر میں وسیع سکیورٹی انتظامات کئے ہیں۔