دوسروں کی مددہی صحیح اسلام کی ترجمانی ہے: عارف مسعود


بھوپال:30اپریل(نیانظریہ بیورو)
راجدھانی کی مرکزی اسمبلی حلقے سے کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں لوگوں سے لاک ڈاو¿ن کی پیروی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لگاتار تصاویر جاری ہوتی دیکھ کر وہ حیرت زدہ ہیں۔ افطاری کے سامان خریدنے کے نام پر لوگ بازاروں میں جمع ہوجاتے ہیں جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب لوگ پولیس اور انتظامیہ کے ذریعہ بد سلوکی اور سزا وار کارروائیوں کی شکایات پر اس کے بارے میں بات کرتے ہیں تو اہلکار لوگوں کی تصاویر اور ویڈیوز دکھاتے ہیں ۔ مسعود نے عوام سے گزارش کی ہے کہ صبر اور امن کے اس خوشگوار مہینے میں ایسا کوئی کام نہ کریں ، جو حکومتی نظام کی راہ میں رکاوٹ بنے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کی مددہی صحیح اسلام کی ترجمانی ہے۔آگے انہوں نے کہاکہجب تمام لوگ گھروں میں نماز ، عبادات ، تلاوت ، تراویح کا انعقاد کررہے ہیں تو باہر جانے اور بازار میں سامان خریدنے اور ہجوم کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں خوشی کا تصور کرنا بھی معاشرے سے دشمنی جیسا ہے۔ لہذا عید سادگی کے ساتھ منانے کی تیاری کریں۔ ہر ممکن حد تک اپنے قریبی لوگوں ، رشتہ داروں ، محلوں اور شہر کے لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کسی کی مدد کرنے سے مل سکتی ہے ، جشن منانے، نئے کپڑے اور میوہ جات کھانے سے خوشی نہیں مل سکتی۔ مسعود نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں ، لاک ڈاو¿ن کی پیروی کریں اور حکومتی نظام کو برقرار رکھنے میں مدد کریں۔