آزاد پورمنڈی میں کوروناوائرس کا خطرہ بڑھا، 11 تاجر متاثر

نئی دہلی،29 اپریل (یواین آئی) ایشیا کی سب سے بڑی آزاد پورکی پھل اور سبزی منڈی پر عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) کا خطرہ تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے۔
شمالی دہلی کے ضلع مجسٹریٹ دیپک شنڈے نے بدھ کو بتایا کہ آزاد پور منڈی سے منسلک 11 تاجروں کی کورونا وائرس جانچ رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ ان لوگوں کے رابطے میں جو لوگ آئے ہیں ان کا پتہ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
مسٹر شنڈے نے بتایا کہ پازیٹو پائے گئے لوگوں کا اگرچہ منڈی سے براہ راست تعلق نہیں ہے اور احتیاط کے طور پر ان کے رابطے میں آئے لوگوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔ گزشتہ دنوں بھی منڈی سے منسلک ایک تاجر کے کورونا وائرس متاثر ہونے کی خبر تھی۔
منڈی کے زرائع نے بتایا کہ تاجروں کے انفیکشن کا معاملہ سامنے آنے پر کئی دکانوں کو سیل کیے جانے کی کارروائی کی جا رہی ہے اور تاجروں کے رابطے میں آنے والوں کا پتہ لگا کر قرنطینہ بھی شروع کیا گیا ہے۔
آزاد پور ایشیا کی سب سے بڑی پھل اور سبزی منڈی ہے۔منڈی میں ہزاروں کاروباری روزانہ خرید و فروخت کے لئے آتے ہیں. یہاں سے کچھ دن پہلے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی رپورٹ بھی آئی تھی۔
کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دہلی تیسرے نمبر پر ہے۔ دارالحکومت میں وائرس کے اب تک کل 3337 کیس سامنے آ چکے ہیں اور 54 افراد کی موت ہو چکی ہے۔