پجارا کے سامنے بولنگ کرنے میں پریشانی ہوئی: کمنز

میلبورن، 27 اپریل (یو این آئی ) عالمی نمبر ایک ٹیسٹ بولر آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ہندستان کے سب سے قابل اعتماد بلے باز چتیشور پجارا کے سامنے بولنگ کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
آسٹریلوی کرکٹرز ایسوسی ایشن (اے سي اے) کے سرکاری انسٹاگرام میں سوال جواب کے سیشن کے دوران کمنز سے جب پوچھا گیا کہ انہیں کیریئر میں کس بلے باز کے سامنے بولنگ کرنے میں دقت ہوئی تو انہوں نے پجارا کا نام لے کر کہا کہ 2018-19 ٹیسٹ سیریز کے دوران وہ ہندستان کے لئے دیوار بن کر کھڑے تھے اور ان کے سامنے بولنگ کرنے میں انہیں پریشانی ہوئی تھی۔
ہندستان نے یہ سیریز 2-1 سے جیتی تھی اور پہلی بار آسٹریلیا کی زمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا کارنامہ کیا تھا۔وراٹ کوہلی آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پہلے ہندوستانی کپتان بنے تھے۔ ہندستان کی اس تاریخی فتح میں پجارا کی شاندار کارکردگی کا اہم کردار رہا تھا۔
پجارا نے آسٹریلیا کے خلاف اس سیریز کی سات اننگز میں 74.42 کی اوسط سے 521 رنز بنائے تھے جس میں تین سنچری شامل تھیں۔ سیریز میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 193 رنز تھا۔
26 سالہ کمنز نے کہاکہ ایسے تو بہت بلے باز ہیں جن کے سامنے بولنگ کرنے میں انہیں پریشانی ہوئی لیکن ہندستان کے خلاف سیریز کے دوران پجارا ٹیم کے لئے دیوار بن کر کھڑے تھے اور انہیں آؤٹ کرنا بڑا چیلنج بن گیا تھا۔وہ ابھی تک ٹیسٹ کرکٹ میں میرے لئے پریشانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔