دہلی میں لاک ڈاون میں ڈھیل نہیں ملے گی، رہائشی علاقوں میں اکا دکا دکانیں ہی کھلیں گی: کیجریوال

نئی دہلی، 26اپریل (یو این آئی) دہلی حکومت نے قومی راجدھانی میں لاک ڈاون میں کسی طرح کی ڈھیل نہیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی وزارت داخلہ نے جو رہنما ہدایات جاری کی ہیں اسی کے مطابق رہائشی علاقوں میں ایک دکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
وزیراعلی اروند کیجریوال نے میڈیا سے کہا کہ وزارت داخلہ نے رہائشی علاقوں کی جن اکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے دہلی حکومت صرف ان کی ہی اجازت دے گی۔ کنٹرول علاقہ میں ان کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون کا 27اپریل کو جائزہ لیا جائے گا۔ دہلی میں شاپنگ مال اور تھوک بازاروں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ دہلی میں گزشتہ کچھ وقت سے کورونا وائرس کے مریضو ں کی تعداد کم ہوئی ہے اور گزشتہ ہفتہ 622 مریض آئیں۔ کافی تعداد میں مریض ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ اموات بھی کم ہوئی ہیں۔ دہلی میں کورونا کے 2625مریض ہیں اور 54کی موت ہوئی ہے۔