سماجی کارکن سید عابد حسین کو نائجیریا کے انسٹی ٹیوٹ نے دی ڈاکٹریٹ ڈگری


بھوپال:25اپریل(نیانظریہ بیورو)
راجدھانی بھوپال کی شان اور بجرنگی بھائی جان کے نام سے مشہور سماجی کارکن سید عابد حسین کو ان کی سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ”ڈاکٹر آف فلاسفی ان ہیومن رائٹس“کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔ یہ اعزاز انہیں ” Dynamic Peace Rescue Mission International ( Peacekeeping and peacebuilding Academy) Nigeria کے چیئر مین جناب چارلس ابھوریہ اوسیہولو (Charles Ebhoria Usiholo) کے ذریعے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سید عابد حسین سماجی خدمات میں پیش پیش رہتے ہیں اور بیرون ممالک میں پھنسے لوگوں کے لیے مسیحا بن کر سامنے آئے ہیں، عابد حسین ان لوگوں کو اپنی مہم کے ذریعہ وطن واپسی کرواتے ہیں۔
عابد حسین نے یہ کام فلم سربجیت دیکھنے کے بعد شروع کیا تھا، عابد حسین کو جیسے ہی اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ کوئی بھی شخص بیرون ملک میں پھنس گیا ہے اور وہ بھارت لوٹنا چاہتا ہے تو عابدحسین اس کے لیے ایمبیسی اور بھارتی حکومت سے ٹویٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے مہم چھیڑ دیتے ہیں جس کی وجہ سے وہ پھنسے ہوئے لوگوں کو وطن واپسی کرانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔عابد حسین کے اس کام کی وجہ سے اب انھیں بجرنگی بھائی جان کے نام سے مخاطب جاتا ہے اور انکے اس کام کی وجہ سے انہیں اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ان کی انہیں بے لوث خدمات کی وجہ سے کئی ملکی و غیر ملکی سماجی تنظیموں کی ان پر نظر رہتی ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ نائجیریا کی سماجی تنظیم نے ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے اس اعزاز سے نوازاہے۔