لیڈز کے عظیم فٹبالر نارمن ہنٹر کی کورونا نے لی جان

لیڈز یونائیٹڈ اور انگلینڈ کے سابق ڈفینڈر نارمن ہنٹر کا خطرناک کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ 76 سال کے تھے۔ کلب نے جمعہ کو اپنی ویب سائٹ پر یہ جانکاری دی۔نارمن کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد گزشتہ ہفتے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن انہیں بچایا نہیں جا سکا اور آج صبح ان کا انتقال ہو گیا۔
نارمن نے لیڈز کے لئے 15 سالوں میں یارکشائر کلب میں 726 میچ کھیلے تھے۔انہوں نے لیڈز کے لئے ایف اے کپ اور لیگ کپ کے خطاب جیتے تھے۔ وہ 1975 کے یورپی کپ فائنل میں بھی کھیلے تھے جہاں ان کی ٹیم کو بائرن میونخ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وہ 1966 میں ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے رکن بھی تھے لیکن وہ کوئی میچ نہیں کھیل پائے تھے۔ وہ 1970 کے ورلڈ کپ میں مغربی جرمنی کے خلاف کوارٹر فائنل میں متبادل کھلاڑی کے طور پر اترے تھے لیکن انگلینڈ کو 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نارمن انگلینڈ کے لئے 28 میچوں میں کھیلے تھے۔