عوام کواس مصیبت کی گھڑی میں باتوں کی نہیں راشن کی ضرورت :کمل ناتھ


بھوپال:15اپریل(نیانظریہ بیورو)
ریاست کے سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے مدھیہ پردیش میں آئے دن کورونا مریضوں کی تعداد کے لئے موجودہ شیو راج سنگھ چوہان حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کمل ناتھ نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ کچھ ہی دنوں میں آپ نے ریاست کی تصویر بدل دی ہے۔ میں نے آپ کو ایسی ریاست نہیں سونپی تھی۔کمل ناتھ نے کہا کہ آج ریاست کے عوام کو جھوٹی تقریر نہیں بلکہ راشن کی زیادہ ضرورت ہے۔ حکومت عوام کی ضروریات کو نظراندازکررہی ہے ،اس کے علاوہ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں جبکہ ہرشخص پریشان ہے حکومت کی طرف سے عوام کے ساتھ بہتر سلوک نہیں کیاجارہاہئے۔ عوام کورونا کے خلاف جنگ لڑرہی ہے اورخود اپنے خاندان کی حفاظت کے لئے کوشش کررہی ہے۔اب ایسا لگتا ہے کہ ریاست پر آپ کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔وہیں کمل ناتھ نے دوسرے ٹویٹ میں کہا کہ ریاست ملک میں پانچویں نمبر پر ہے ، ملک میں اندور تیسرے نمبر پر ہے ، اموات کی شرح بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ علاج کی کمی کی وجہ سے روزانہ اموات ہو رہی ہیں۔ نہ ایمبولینس ہے نہ وسائل۔ وسائل کی عدم موجودگی میں ، ڈاکٹروں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں میں بھی کوروناسے انفیکشن کے اعداد و شمار بڑھ رہے ہیں۔اس کے علاوہ کمل ناتھ نے طنز کیا کہ شیو راج جی کی حکومت میں کورونا وبا کی صورتحال خوفناک ہو رہی ہے۔ ملک میں روزانہ بڑھتے ہوئے اعداد و شمار ، روز مرنے والی اموات ، معاشی بحران ، صحت کی ناقص خدمات بھی کورونا کے حوالے سے سب سے اوپر پہنچ گئے ہیں۔اس لئے حکومت کوچاہئے کہ وہ عوام کی فکرکرے،انہیں راشن مہیاکرائے اوران کی تحفظ کویقینی بنائے۔